غزہ: (دنیا نیوز) وسطی غزہ کے علاقہ دیر البلاح میں الاقصیٰ ہسپتال کے قریب اسرائیلی بمباری سے 40 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے وسطی اور جنوبی غزہ میں بمباری اور زمینی حملے تیز کر دیئے ہیں، رفاہ شہر میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد کو بمباری کر کے شہید کر دیا گیا، اسرائیلی حکام کی جانب سے رفاہ کے پناہ گزین کیمپ کو محفوظ علاقہ قرار دیا گیا تھا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی بربریت کے نتیجے میں مزید 147 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا، قابض فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی جنگجوؤں کی طرف سے دھماکہ خیز آلات اور گولیوں سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 23 ہزار 357 افراد شہید اور 59 ہزار 410 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، شہید ہونے والوں میں 9 ہزار 600 بچے بھی شامل ہیں۔