غزہ: بارودی سرنگ دھماکے اور حماس کیساتھ جھڑپ میں 10 اسرائیلی فوجی ہلاک

Published On 10 January,2024 07:21 am

تل ابیب: (ویب ڈیسک) غزہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 6 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے جس کے بعد ایک دن میں مارے جانے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد 10 ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے بیوریج میں جانے والی فوجی ٹیم میں شامل انجینئرز ایک تکنیکی کام میں مصروف تھے کہ اچانک زور دار دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں 5 فوجی انجینئرز موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

دھماکے میں 10 کے قریب اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک فوجی انجینئر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مارا گیا، اسی طرح حماس کے ساتھ جھڑپ کے ایک اور واقعے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر کے آخر میں اسرائیل کی برّی فوجیں داخل ہوئیں، تب سے حماس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 185 ہو گئی، حماس نے اسرائیل میں داخل ہو کر 7 اکتوبر کو فوجیوں کو نشانہ بنایا تھا جن میں 1500 کے قریب اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 250 سے زائد کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔