واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے راستوں پر مسلسل حملوں کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی بارہا دوسرے ممالک کی طرح ایران پر واضح کرنے کی کوشش کی ہےکہ وہ حوثیوں کو جو مدد فراہم کرتا ہے، وہ اسے بند کرنا ہوگی۔
دوسری جانب یمنی حوثی گروپ نے بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ساتھ فوجی آپریشن کے نفاذ کی تصدیق کی جس نے ایک امریکی جہاز کو نشانہ بنایا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بحری جہاز اسرائیل کو مدد فراہم کر رہا تھا۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ کے اعلان کیا تھا کہ اس نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر حوثیوں کا 27 واں حملہ پسپا کیا ہے۔
حوثی ملیشیا کے عسکری ترجمان یحییٰ ساری کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ یہ آپریشن بحیرہ احمر میں ان کی افواج کو حالیہ امریکی حملوں کے "ابتدائی ردعمل" کے طور پر کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد غزہ میں جاری اسرائیلی حملے کو روکنے کے لیے اسرائیلی مدد کرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانا اور اسرائیل پر جنگ بندی کے لیے دباؤ بڑھانا ہے۔