سری نگر: (ویب ڈیسک) بھارت کے یوم جمہوریہ سے قبل مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں قابض فوج کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے وادی کشمیر کو جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں سے ملانے والے پہاڑی سلسلے پیر پنجال کے دونوں اطراف ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا جسے آپریشن ’’شکتی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
فوجی آپریشن بیک وقت ایک طرف شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں اور دوسری طرف ہمالیہ کے نشیبی اضلاع راجوری اور پونچھ میں شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد وادی کشمیر کے علاوہ جموں میں آزادی کی حامی آوازوں کو خاموش کرانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز اور بدنام زمانہ بھارتی ایجنسیوں نے بھارتی یوم جمہوریہ سے چند دن قبل پورے مقبوضہ علاقے میں محاصرے، تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
دوسری طرف کُل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری قتل و غارت، گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی اور املاک کی تباہی کی مذمت کی ہے۔