اسلامی تعاون تنظیم کی بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کے افتتاح کی مذمت

Published On 24 January,2024 05:02 am

جدہ: (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کا افتتاح کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں بھارتی شہر ایودھیا میں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں شہید کی گئی بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کے افتتاح پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کی مذمت کرتے ہیں جس کا مقصد 5 صدیوں قدیم بابری مسجد کی نمائندگی کرنے والے اسلامی نشانات کو مٹانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیر اعظم نے شہید بابری مسجد کی جگہ پر تعمیر رام مندر کا افتتاح کر دیا

واضح رہے بابری مسجد مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر کے حکم پر 1528ء میں یو پی کے شہر ایودھیا میں تعمیر کی گئی تھی جسے 1992ء میں ہندو انتہاپسندوں نے حملہ کرکے شہید کردیا تھا، رواں ہفتے پیر کے روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندو رسومات ادا کر کے رام مندر کا افتتاح کیا، اس موقع پر 7 ہزار کے قریب اہم افراد موجود تھے۔