تل ابیب : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ایک ہی روز میں 24 فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق بتائی گئی وجہ غلط نکلی، امریکی میڈیا نے اسرائیل کے جھوٹ کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی غزہ میں غیر قانونی بفرزون بنانے کی کوشش میں تھے، حماس نے اسرائیلی فوجیوں کو بفرزون بنانے کے دوران نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجی عمارتیں گرانے کے لیے بارود بچھا رہے تھے کہ اس دوران حماس نےحملہ کیا اور اسرائیلی فوجی اپنے ہی بچھائے گئے بارود کا نشانہ بن گئے۔
اس سے قبل اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ یرغمالیوں کو بازیاب کرنے کی کوشش میں فوجی مارے گئے۔
واضح رہے کہ پیر کو اسرائیلی فوج نے تصدیق کی تھی کہ وسطی غزہ میں 2 عمارتیں دھماکے سے تباہ ہوگئیں جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔
7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر اچانک حملے کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے، جس کے دوران 25 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادت ہو چکی ہیں، ہزاروں زخمی ہیں جبکہ لاکھوں بے گھر ہو کر کیمپوں میں مقیم ہیں۔