ایشین فٹبال کپ: ہانگ کانگ کو شکست دے کر فلسطین ناک آؤٹ مرحلے میں داخل

Published On 24 January,2024 04:36 am

دوحہ: (دنیا نیوز) ایشین فٹبال کپ میں ہانگ کانگ کو شکست دے کر فلسطین پہلی مرتبہ ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔

قطر کے شہر دوحہ کے عبداللہ بن خلیفہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشین فٹبال کپ کے گروپ سی کے آخری میچ میں فلسطین نے ہانگ کانگ کو تین کے مقابلے میں صفر سے شکست دی، اس سے قبل فلسطین نے یو اے ای کیخلاف میچ 1-1 سے برابر کیا جبکہ ایران سے 1-4 سے شکست ہوئی تھی۔

ایشین فٹبال کپ میں پہلی فتح کی بدولت فلسطین نے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں 16 ایشیائی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، فلسطین اس سے قبل 2 مرتبہ ایشین فٹبال کپ کھیل چکا ہے لیکن وہ کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔

واضح رہے کہ قطر میں ایشین فٹبال کپ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ فلسطینیوں کیلئے فٹبال ٹیم نے خوشی کا ایک موقع فراہم کیا ہے۔