ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے جنوبی کوریا سے 3 ارب ڈالرز کے میزائیل دفاعی نظام کی خریداری کا معاہدہ کر لیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو کی سائیڈ لائن پر سعودی وزیر دفاع اور ان کے جنوبی کورین ہم منصب کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے کی یادداشت پر دستخط کیے گئے، معاہدے کو ڈیفنس اکیوزیشن پروگرام ایگریمنٹ (ڈاپا) کا نام دیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے جنوبی کوریا کے درمیان میزائل دفاعی نظام کی خریداری کیلئے ہونے والے معاہدے کے تحت جنوبی کوریا 3 ارب ڈالر مالیت کی 10 بیٹریاں سعودی عرب کو دے گا، معاہدے کے موقع پر جنوبی کورین وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری دفاعی فرم ایل آئی نیکس ون سعودی عرب کو زمین سے فضا میں مار کرنے والا مڈ رینج ائیر ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گی۔
ڈاپا کے ڈائریکٹر ای اون ڈونگ ہوان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ یادداشت نامہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں سٹریٹیجک پارٹنرشپ کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گا اور دفاع کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا 2027ء تک دنیا کا چوتھا بڑا دفاعی ایکسپورٹر بننے کیلئے کوشاں ہے، سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ سینٹر کے مطابق 2000ء میں 31 پوزیشن پر موجود جنوبی کوریا 2022ء میں 17 بلین ڈالرز کی دفاعی درآمدات اور اسی سال 7.25 بلین ڈالرز کا اضافے کے ساتھ دفاعی ایکسپورٹرز کی درجہ بندی میں 9 ویں پوزیشن پر پہنچ چکا ہے۔