بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے لبنان میں فضائی حملوں کے نتیجے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر اور ان کے نائب سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے لبنان میں رات گئے فضائی حملہ کر کے حزب اللہ کی رضوان فورس کے اہم کمانڈر، ان کے نائب اور ایک جنگجو کو مار دیا، مرنے والوں کی شناخت کمانڈر علی محمد الدبس اور ابراہیم عیسیٰ کے ناموں سے ہوئی، کمانڈر الدبس نے پچھلے سال مارچ میں شمالی اسرائیل میں سڑک کنارے ایک بم دھماکے میں مدد کی تھی۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں دو اسرائیلی حملوں سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی، اسرائیل کی جانب سے ایک گاؤں اور شہر نبطیہ کو نشانہ بنایا گیا، نبطیہ میں مرنے والوں میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے7 افراد جبکہ گاؤں پر حملے میں دو بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔