واشنگٹن: (دنیا نیوز) روس میں اپوزیشن رہنما کی جیل میں قید کے دوران پراسرار ہلاکت پر امریکی صدر جوبائیڈن کا سخت ردعمل سامنے آ گیا۔
وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ روس کے اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کے قتل کے پیچھے صدر پیوٹن ہے، الیکسی ناولنی کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہیئں، پیوٹن نے سرد علاقے کی جیل میں قید کر کے حزب اختلاف کے رہنما الیکسی ناولنی کو مار ڈالا۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ناقد اور اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی گزشتہ روز جیل میں قید کے دوران پراسرار طور پر انتقال کر گئے، ناولنی جیل میں 19 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے اور روس کے سرد ترین علاقوں میں سے ایک شہر خارپ میں ’پولر وولف کالونی‘ میں قید تھے جہاں کا موسم ہمیشہ سرد رہتا ہے۔
جیل کے حکام نے بتایا ہے کہ ناولنی چہل قدمی کے بعد اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے جس کے فوراً بعد ہی وہ بیہوش ہو گئے، طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر ان کا معائنہ کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے، موت کی وجوہات کا تعین ابھی تک نہیں کیا جا سکا۔
صدارتی محل کے مطابق پیوٹن کو الیکسی ناولنی کی موت سے آگاہ کر دیا گیا، اپوزیشن رہنما جنوری 2021ء میں جرمنی سے زہرخورانی کے اثر سے صحتیاب ہو کر ماسکو آنے کے بعد سے جیل میں قید ہیں، انہوں نے گرفتاری سے قبل حکومت مخالف متعدد احتجاج کی سربراہی کی تھی۔