نیویارک : (ویب ڈیسک ) روس نے طیارہ حادثے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جب اس کا فوجی طیارہ روسی شہر بیلگوروڈ کے قریب گرا تھا۔
انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ فرانس کی صدارت میں سلامتی کونسل دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور جلد از جلد اس طرح کے اجلاس کا شیڈول بنائے گی۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ یوکرین کا روسی طیارے کو گرانا ایک مجرمانہ فعل تھا، ہم ابھی حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب روسی فوجی طیارہ قیدیوں کے تبادلے کے لیے یوکرین جا رہا تھا ، اس ملک کی مسلح افواج نے بیلگوروڈ کے علاقے میں اسے مار گرایا ، اس حادثے میں جہاز میں سوار تمام 65 یوکرینی فوجیوں کے ساتھ ساتھ عملے کے چھ ارکان اور تین ایسکارٹس ہلاک ہو گئے تھے۔
روسی وزارت دفاع نے اس حادثے کو “دہشت گردانہ حملہ” قرار دیا تھا۔