برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وان ڈر لاین نے کہا کہ یورپی یونین نے باضابطہ طور پر بحیرۂ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو یمن کے حوثیوں کے حملوں سے بچانے کے لیے مشن کا آغاز کردیا ہے۔
یورپی کمیشن کی صدر نے ایک بیان میں کہا کہ یورپ اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر بحیرۂ احمر میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنائے گا۔
اس سے قبل یورپی یونین کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یورپی یونین کے مطابق اس مشن کو کم از کم چار جہازوں کے ساتھ چند ہفتوں میں شروع ہوجانا چاہیے، مجموعی طور پر اس مشن کی سربراہی یونان کرے گا، جبکہ سمندر میں آپریشنل کنٹرول میں لیڈ آفیسر اطالوی ہو گا۔
اطالوی اعلیٰ سفارت کار انتونیو تاجانی نے برسلز میں وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران لانچ کی تصدیق کرتے ہوئے اسے مشترکہ یورپی دفاع کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔