بلنکن کی محمد بن سلمان سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 21 March,2024 07:10 am

ریاض: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں ان کی ملاقات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ہوئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر کو اسرائیل کے غزہ پر حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چھٹی مرتبہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کر رہے ہیں، انٹونی بلنکن گزشتہ روز پہلے سعودی عرب پہنچے جہاں سے وہ مصر اور پھر اسرائیل جائیں گے۔

سعودی عرب پہنچنے پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسیٰ بن محمد العیبان، امریکی سفیر مائیکل ریٹنی اور دیگر حکام شریک تھے۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا، اس کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی حالات خاص طور پر غزہ کی پٹی اور اس کے گردو نواح میں ہونے والی پیش رفت، فوجی کارروائیوں کو روکنے، اس کے سکیورٹی اور انسانی اثرات سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں غزہ کی پٹی اور رفاہ شہر کی صورتحال میں پیش رفت اور فوری جنگ بندی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کے علاوہ غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام کوششیں کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
 

Advertisement