امریکی وزیرخارجہ رواں ہفتے ایک بار پھرمشرق وسطیٰ کا دورہ کرینگے

Published On 19 March,2024 03:14 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ میں اسرائیلی جنگ کے چھٹے ماہ کے درمیان رواں ہفتے سعودی عرب اور مصر کا دورہ کریں گے جہاں وہ غزہ میں جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد میں اضافہ کرنے کی کوششوں پر بات چیت کریں گے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مسلسل دورے کر کے غزہ کی جنگ کو غزہ کے اندر تک محدود رکھنے کے لئے کوشاں رہنے کے بعد اب کئی ماہ سے جنگ میں وقفے کے لئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔

اپنے چھٹے دورے کے پہلے مرحلے پر وہ بدھ کے روز سعودی عرب میں مملکت کے اعلی عہدے داروں سے اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ اگلے روز جمعرات کو مصر جائیں گے۔

امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بتایا ہے وزیر خارجہ اس وقت فلپائن کے دورے پر ہیں جہاں سے مشرق وسطیٰ پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل ہم سے مشاورت سے پہلے رفح میں کوئی آپریشن شروع نہیں کرے گا:امریکہ

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ فوری جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے جو دیگر تمام یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بناتا ہے، غزہ کے لیے انسانی امداد کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرتا ہے ۔

امریکی وزیر خارجہ کے لئے حوثیوں کے مسلسل جاری حملے بھی تبادلہ خیال کے لئے اہم موضوع ہوگا تاکہ بحیرہ احمر میں جہازوں کی آمدورفت محفوظ ہوجائے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے  اب تک اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 31 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ، ان میں دوتہائی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔ 

Advertisement