غزہ : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فورسز نے رات گئے غزہ کے الشفا ہسپتال پر حملہ کردیا، صیہونی فوج کی شدید فائرنگ سے متعدد افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے الشفا ہسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں سینکڑوں مریض، طبی عملہ اور بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے لاؤڈسپیکر پر ہسپتال کو خالی کرنے کے بھی اعلان کیے جارہے ہیں جبکہ ہسپتال کے اندر بھاری فائرنگ سے مریض اور عملہ خوف ہراس میں مبتلا ہے۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز ہسپتال میں آپریشن کررہی ہے، حماس کے سینئر جنگجو ہسپتال کے اندر دوبارہ منظم ہو گئے ہیں اور وہ ہسپتال کو اسرائیل پر حملے کرنےکیلئے استعمال کر رہے ہیں۔
ادھرغزہ کی وزارت صحت کے ایک بیان میں اسرائیلی کے ہسپتال میں چھاپے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے، بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی قابض فوج نے الشفاء میڈیکل کمپلیکس پر حملے کا جواز پیش کرنے کے لیے اپنے من گھڑت بیانیے کا استعمال کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ ہزاروں کی تعداد میں بے گھر فلسطینیوں نے اس ہسپتال میں پناہ لے رکھی ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اسے ہسپتال کے نیچے سرنگوں کا ایک نیٹ ورک ملا ہے جسے حماس نے اسرائیل ڈیفنس فورس کے نومبر 2023 کے چھاپے کے دوران استعمال کیا تھا، تاہم حماس نے اسرائیلی فوج کے الزامات اور دعوؤں کی تردید کردی ہے۔
دوسری جانب نصیرات کیمپ میں 9 اور وسطی غزہ میں دیر البلاح پراسرائیلی حملوں میں کم از کم 12 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 645 فلسطینی شہید اور 73 ہزار سے زائدزخمی ہو چکے ہیں۔