لندن : (ویب ڈیسک ) برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ سیاسی پناہ گزینوں کو جلد روانڈا منتقل کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پریس کانفرنس میں رشی سونک نے کہا کہ پناہ گزینوں کو لے کر پہلی پرواز 10 سے 12 ہفتوں میں روانہ کی جائے گی ، روانڈا بھیجنے کے لیے ایک ایئر فیلڈ سٹینڈ بائی کے طور پر موجود ہے، کمرشل پروازیں بھی تیار ہیں۔
برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو لوگ غیرقانونی طریقے سے برطانیہ پہنچے اور اب سیاسی پناہ کی تلاش میں ہیں ان کے لیے برطانیہ میں کوئی جگہ نہیں۔
اس حوالے سے برطانوی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ اقدام چینل کراسنگ کو روکے گا اور لوگوں کے سمگلروں کے کاروباری ماڈل کو تباہ کرے گا لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو روانڈا بھیجنے کا منصوبہ غیر انسانی ہے اور مشرقی افریقی ملک محفوظ جگہ نہیں ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے کہا تھا کہ برطانیہ آنے والے پناہ گزینوں کو روانڈا منتقل کرنے کے لیے بنایا گیا مجوزہ قانون بنیادی قانونی اصولوں اور انسانی حقوق سے متضاد ہے۔