آزادی صحافت کا دن: ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ فلسطینی صحافیوں کے نام

Published On 03 May,2024 10:53 am

جینیوا: (ویب ڈیسک ) آزادی صحافت کے عالمی دن پر غزہ میں اسرائیل کی بربریت اور تباہ کاریوں کی ہر لمحہ رپورٹنگ کرنے والے فلسطینی صحافیوں کو ’ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی کلچرل ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے صحافیوں کو فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے حملے کی کوریج کرنے پر 2024 کے یونیسکو/ گیلرمو کینو ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

یونیسکو کے مطابق 1997 سے ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے دنیا بھر میں، خاص طور پر مشکل اور خطرناک حالات میں، آزادی صحافت کے فروغ اور دفاع کے لیے قابل ذکر کوششیں سرانجام دیں۔

اس حوالے سے میڈیا پروفیشنلز کی انٹرنیشنل جیوری کے سربراہ ماریشیو وائیبل نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم فلسطینی صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں جو مشکل حالات کے باوجود ہمت اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رپورٹنگ کر رہے ہیں۔

صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی نے یکم مئی کو کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر حملے شروع ہونے کے بعد سے 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں کم از کم 100 فلسطینی صحافی اور میڈیا کارکن بھی شامل ہیں ، جن میں 2 اسرائیلی اور 3 لبنانی صحافی بھی شامل ہیں۔

فلسطین 2024 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں 180 ممالک میں سے 157 ویں نمبر پر ہے، خاص طور پر صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے یہ نچلے 10 ممالک میں شامل ہے۔