فلسطینیوں کی نسل کشی: کولمبیا کا اسرائیل سے تعلقات ختم کرنیکا اعلان

Published On 02 May,2024 05:45 am

بگوٹا: (دنیا نیوز) فلسطینیوں کی نسل کشی سے باز نہ آنے پر کولمبیا نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے دارالحکومت بگوٹا میں شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھنے پر اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔

صدر گستاوو پیٹرو نے شہریوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں انسانوں کو ذبح کیا اور خون کی ندیاں بہا دیں، عالمی قوتیں اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کے نسل کشی کے کیس میں فریق بنیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار 488 ہو گئی جبکہ 77 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔