واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر حماس یرغمالیوں کو رہا کر دے تو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کل ہی ہو جائے گی۔
اپنے ایک انٹرویو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ حماس یرغمالیوں کو رہا کرتا ہے تو کل ہی جنگ بند ہو جائے گی، یرغمالیوں کو رہا کرنے کی صورت میں ہی جنگ بندی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ سے متعلق مذاکرات میں خلا کو ختم کرنا اب بھی ممکن ہے: امریکا
امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا ہے کہ رفاہ پر چڑھائی کی صورت میں اسرائیل کو ہتھیار فراہم نہیں کریں گے، شہریوں کے قتل عام کیلئے توپ خانہ یا دیگر ہتھیار اسرائیل کو نہیں دیں گے، امریکی بم گرانے سے عام شہریوں کے مارے جانے پر بہت افسوس ہے۔
دوسری جانب فلسطینی وزارتِ صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر سے اب تک حماس، اسرائیل کی جنگ میں فلسطینی علاقے میں کم از کم 34,971 شہید ہو چکے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 28 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، حملوں میں اب تک 78641 افراد زخمی ہوئے ہیں۔