بھارت کے ایران کیساتھ چابہار بندرگاہ معاہدے پر امریکا کا ردعمل سامنے آگیا

Published On 14 May,2024 02:29 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کا اشارہ دے دیا گیا۔

بھارت کی جانب سے ایران کیساتھ چابہار بندرگاہ معاہدے پر امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران سے تجارت کرنے والوں پر پابندیاں لگا سکتا ہے۔

نائب ترجمان امریکی وزارت خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا کہ بھارت کو پابندیوں سے کوئی استثنیٰ حاصل نہیں، بھارت بھی پابندیوں کی زد میں آ سکتا ہے، ایران پر پابندیاں ہیں اور رہیں گی، ایران سے تجارت کرنے والوں کو باخبر رہنا ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے 10 سال کیلئے ایران کی چابہار بندر گاہ کا انتظام سنبھال لیا ہے، بھارت، ایران کے درمیان چابہار بندر گاہ کی تعمیر اور انتظامی امور کے معاہدے پر دستخط ہو گئے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر تہران میں دستخط ہوئے۔

اس موقع پر ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت چابہار منصوبے کیلئے 30 ارب 88 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، بھارت چابہار بندرگاہ کے ذریعے کراچی، گوادر بندرگاہوں سے گزرے بغیر وسط ایشیائی خطے تک جا سکتا ہے۔