ابراہیم رئیسی کی حادثاتی وفات، ایرانی سپریم لیڈر کا 5روزہ سوگ کا اعلان

Published On 20 May,2024 03:24 pm

تہران : (ویب ڈیسک / دنیانیوز) ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے واقعے پر ملک میں 5 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

 صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر اہلکاروں کی موت کے ایک دن بعد سرکاری بیان میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ’میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان کرتا ہوں اور ایران کے عزیز لوگوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘

اس ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر رئیسی کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر اہم ایرانی حکام بھی جاں بحق ہو گئے ، ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، مقامی میڈیا کے مطابق وہ ایران اور آذربائیجان کے سرحدی علاقے سے واپس لوٹ رہے تھے۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ مزید دو ہیلی کاپٹر بھی شامل تھے، ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو ملک کے شمال میں دھند کے باعث ’ہارڈ لینڈنگ‘ کرنا پڑی تھی۔

ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ پہلے نائب صدر محمد مخبر آئین کے مطابق عبوری صدر ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

دوسری جانب ایرانی صدر، وزیرِ خارجہ کے انتقال پر لبنان میں بھی 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ و دیگر رفقا جاں بحق ہو گئے۔

 ایرانی میڈیا نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے،  جاں بحق ہونے والوں میں مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی، مشرقی آذربائیجان میں ایرانی سپریم لیڈر کے نمائندے محمد علی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

صدارتی محافظوں کے سربراہ مہدی موسوی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔