تہران : (ویب ڈیسک ) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد صدارت کا اہم عہدہ خالی ہوگیا۔
ایرانی آئین کے مطابق اب نائب صدر محمد مخبر صدارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ایرانی آئین کے مطابق صدر کے انتقال کے بعد 50 دن کے اندر صدارتی انتخابات کروائے جائیں گے۔
ایران کے آئین کے آرٹیکل 131 کے مطابق، اگر کوئی صدر اپنے دورِ اقتدار کے دوران نا اہل قرار دے دیا جاتا ہے یا پھر انتقال کر جاتا ہے تو سپریم لیڈر کی جانب سے تمام تر صورتحال کی تصدیق ہونے کے بعد نائب صدر اقتدار سنبھالتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدرابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق: غیرملکی میڈیا
بعد ازاں نائب صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ پر مشتمل ایک کونسل کو 50 دنوں کے اندر نئے صدر کا انتخاب کروانا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کے باعث تبریز شہر میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، سمیت تمام افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی۔
حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ترجمان اور ایران کے صوبے مشرقی آذر بائیجان کے گورنر رحمت کلمتی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی سوار تھے۔