نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو فضائی حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صدر کی سلامتی کیلئے دعاگو ہوں، ہیلی کاپٹر حادثے کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان سے منسلک ایرانی سرحد پر ڈیم کا افتتاح کرنے بعد واپس تبریز آ رہے تھے کہ موسم کی خرابی کے باعث ان کے ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی سمیت دیگر اہم حکام سوار تھے۔
ہنگامی لینڈنگ کے بعد ہیلی کاپٹر کی تلاش تاحال جاری ہے، موسم کی خرابی کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آپریشن میں تہران، البورض، اردبیل، مشرقی آذربائیجان اور مغربی آذربائیجان سے امدادی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایرانی فوجی دستے ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں، اس کے علاوہ آپریشن میں روس اور ترکیہ کے ریسکیو اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
ترکیہ نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے خصوصی طور پر پہاڑوں میں ریسکیو آپریشن کرنے والی ٹیم بھیجی ہے، ترکیہ کی ٹیم 32 ریسکیو ماہرین پر مشتمل ہے، ترکیہ کی ریسکیو ٹیم نائٹ ویژن آلات اور سہولتوں سے لیس ہے، 47 روسی ماہرین بھی ہیلی کاپٹر کی کھوج پر مامور ہیں۔
ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں یورپی کمیشن بھی پیش پیش ہے، یورپی کمیشن نے سیٹلائٹ میپنگ سروس کو فعال کر دیا، سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کرنے کا قدم ایران کی درخواست پر اٹھایا گیا، ہیلی کاپٹر کو ڈھونڈنے میں سیٹلائٹ سے مدد لی جائے گی۔
ایران کے نائب صدر برائے ایگزیکٹو امور محسن منصوری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے وفد میں شامل دو افراد کے ریسکیو ٹیم سے رابطہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے۔