تل ابیب : (ویب ڈیسک ) صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں حملہ کرکے حزب اللہ کے سینئر فلیڈ کمانڈر سمیت 4 افراد کو شہید کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے گاؤں جویا میں حملہ کیا، سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والا طالب عبداللہ حزب اللہ کا سینئر رہنما تھا جس نے 8 ماہ سے اسرائیل کیخلاف حملے جاری رکھے ہوئے تھے۔
واضح رہے گزشتہ سال اکتوبر سے ہی اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ لبنان پر بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ 2006 میں ہونے والی جنگ کے بعد سے ان کے درمیان سب سے سنگین لڑائی ہے جس میں اب تک حزب اللہ کے کمانڈرز سمیت 300 جنگجو شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے جواب میں حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیلی فوجی اہداف کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں پر اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 فلسطینی شہید کر دیےگئے جس کے بعد سے اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے والے شہید فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔