سکھ رہنما کے قتل کی سازش، امریکا بھارتی شہری کو سزا دلوانے کیلئے متحرک

Published On 18 June,2024 10:30 am

پراگ: (دنیا نیوز) امریکا سکھ رہنماؤں کے قتل کی سازش میں ملوث افراد کو سزا دلوانے کیلئے متحرک ہو گیا، جمہوریہ چیک نے سازش میں ملوث بھارتی شہری کو امریکا کے حوالے کر دیا جس کا باقاعدہ طور پر جلد ٹرائل شروع کیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمہوریہ چیک کے وزیر انصاف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکی سرزمین پر سکھ علیحدگی پسند کو قتل کرنے کی ناکام سازش میں ملوث ہونے کے شبہے میں بھارتی شہری نکھل کپتا کو امریکا کے حوالے کر دیا ہے۔

نکھل گپتا پر امریکی وفاقی پراسیکیوٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ایک بھارتی سرکاری عہدیدار کے ساتھ مل کر امریکا میں رہائش پذیر گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی ناکام سازش کی جو بھارت میں سکھوں کی ایک آزاد ریاست کا حامی ہے۔

گزشتہ جون نکھل گپتا نے بھارت سے پراگ کا سفر کیا تھا، جہاں اسے چیک حکام نے گرفتار کر بروکلین میں میٹروپولیٹن کے ایک وفاقی حراستی مرکز میں منتقل کر دیا، چیک عدالت نے نکھل گپتا کی امریکا کے حوالے نہ کرنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد چیک ری پبلک کیلئے اس کو امریکا کی تحویل میں دینے کا راستہ صاف ہو گیا۔

جمہوریہ چیک کے وزیر انصاف پاول بلیزیک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ عدالتی فیصلے کی بنیاد پر بھارتی شہری نکھل گپتا کو مقدمہ چلانے کیلئے امریکا کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزم پر سکھ رہنما کو قتل کرنے کی سازش کا شبہ ہے۔

دوسری جانب امریکی شہری کو قتل کرنے کی ناکام سازش میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے الزامات پر 5 امریکی سینیٹرز نے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ کر امریکیوں کیخلاف جاری دھمکیوں کی رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی سینیٹرز نے خط میں شہری کے قتل کی سازش میں ملوث تمام افراد کو جوابدہ ٹھہرائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ مجرمانہ طور پر ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرے، امریکا کو بھی بین الاقوامی جبر کی مخالفت میں پر عزم ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکا کے حوالے کیے جانے والے بھارتی شہری نکھل گپتا پر امریکی شہری گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کا الزام ہے، امریکی حکام کے مطابق نکھل گپتا کو سکھ رہنماؤں کے قتل کی ہدایت بھارتی حکومت کے اہلکار نے دی تھی۔