نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست کرناٹک میں منی بس گنے سے لدے کھڑے ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 13 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
خبررساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے شمال مغرب میں تقریباً 326 کلومیٹر کے فاصلے پر ہاویری ضلع کے بیاڈگی تعلقہ میں گنڈے نہلی کراس کے قریب پیش آیا۔
بدقسمت بس میں کل 17 افراد سوار تھے جو مندر میں پوجا کے بعد گھر جا رہے تھے، حادثے میں 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 2ہسپتال پہنچ کر جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 4 افراد زخمی بھی ہو ئے ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، ہلاک ہونے والوں میں سات خواتین، چار مرد، ایک لڑکی اور ایک بچہ شامل ہے ، نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔