تہران : (ویب ڈیسک ) ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ امریکا کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ ایران "دباؤ میں ہر گز نہیں آئے گا"۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی روزنامے میں شائع ہونے والے ایک بیان میں پزشکیان نے باور کرایا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے، اسے ایک ہی مرتبہ ہمیشہ کے لیے یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ ایران کسی طور دباؤ کا جواب نہیں دے گا اور ایران کے دفاعی نظریے میں جوہری ہتھیار شامل نہیں۔
ایران کا صدر منتخب ہونے والے 69 سالہ ہارٹ سرجن مسعود پزشکیان نے عملی خارجہ پالیسی مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نو منتخب ایرانی صدر کا پہلا فیصلہ،جواد ظریف عبوری کونسل کے سربراہ مقرر
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ بڑی قوتوں کے ساتھ اس وقت رکے ہوئے مذاکرات کے حوالے سے کشیدگی کم کریں گے تا کہ 2015 کے جوہری معاہدے کو پھر سے زندہ کیا جا سکے۔
پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین اور روس مشکل وقتوں میں مسلسل ہمارے ساتھ کھڑے رہے، ہم اس دوستی کو انتہائی گراں قدر سمجھتے ہیں۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے لیے روس ایک تزویراتی حلیف اور اہم پڑوسی ہے، میری انتظامیہ دونوں ملکوں کے بیچ تعاون کو بڑھانے اور وسیع کرنے پر کاربند رہے گی، تہران حکومت یوکرین میں تنازع کے خاتمے کیلئے حالیہ منصوبوں کی بھرپور طریقے سے حمایت کرے گی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی عوام نے انہیں ایک قوی مینڈیٹ دیا ہے تا کہ بین الاقوامی میدان میں بھرپور تعمیری شرکت ہو سکے اور ساتھ ہی خطے اور عالمی سطح پر ہمارے حقوق ، عزت نفس اور کردار کو یقینی بنایا جا سکے۔