نیویارک: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی جارج بش، براک اوباما، برطانوی وزیر اعظم سمیت متعدد رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدور جارج بش اور براک اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی شدید مذمت کی، جارج بش نے کہا ہے کہ ٹرمپ پر حملہ بزدلانہ فعل ہے جبکہ براک اوباما نے کہا کہ ہماری جمہوریت میں سیاسی تشدد کی قطعاً کوئی جگہ نہیں ہے۔
نو منتخب برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے ہم ہر قسم کے سیاسی تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس وقت نیک خواہشات صدر ٹرمپ اور ان کے خاندان کیلئے ہیں۔
امریکی کانگرس کی سابق سپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ شکر ہے ڈونلڈ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے، ڈیموکریٹک سینیٹر چک شمر نے ٹرمپ پر حملے کو خطرناک واقعہ قرار دیا، پنسلوانیا کے گورنر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کے واقعے کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی سیاسی پارٹی یا لیڈر پر تشدد ناقابل قبول ہے۔
پینٹاگون کے سربراہ لائیڈ آسٹن نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ سابق صدر ٹرمپ محفوظ ہیں، میں ٹرمپ اور ان کے خاندان اور خوفناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کیلئے دعاگو ہوں۔
لائیڈ آسٹن نے کہا کہ پورا پینٹاگون ٹرمپ پر حملے کی مذمت کرتا ہے، ایسے واقعات کی ہماری جمہوریت میں قطعی طور پر کوئی جگہ نہیں، امریکا میں اپنے اختلافات کو حل کرنے کا طریقہ یہ نہیں ہے اور ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے۔
ڈیموکریٹک کی مسلمان خاتون رکن گانگریس الہان عمر نے ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی ریلی میں پیش آنے والے واقعے کا سن کر دکھ ہوا، ہمیں تشدد کی کارروائیوں کی مذمت کرنی چاہیے اور متاثرین کیلئے دعا کرنی چاہیے۔