ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی حکومت نے ٹوکیو کی غیر شادی شدہ لڑکیوں کو شادی کیلئے بڑی آفر کردی۔
جاپان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ غیر شادی شدہ خواتین کو ٹوکیو شہر سے دیہی علاقوں میں شادی کی ترغیب دینے کے لئے حکومت ایک نیا منصوبہ شروع کررہی ہے جس کا مقصد دیہی علاقوں میں خواتین کی کم ہوتی ہوئی تعداد کو دور کرنا ہے۔
حکومت کو امید ہے کہ اس اقدام سے نوجوان لڑکیوں کے تعلیم یا کام کے لئے ٹوکیو میں رہنے کا رجحان کم ہوگا جس کے نتیجے میں دیہی علاقوں میں کنوارے مردوں کو شادی کیلئے دلہنیں میسر آسکیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت حکومت شادی کی خواشمند لڑکیوں کے میچ میکنگ ایونٹس کے سفری اخراجات اٹھائے گی اور ٹوکیو سے دیہی علاقوں میں منتقل ہونے والی خواتین کو 7 ہزار امریکی ڈالر تک فراہم کرے گی۔
خیال رہے کہ جاپان کو گزشتہ کئی سالوں سے ایک بڑے آبادیاتی چیلنج کا سامنا ہے جہاں شرح پیدائش کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، 2023ء میں صرف 727,277 پیدائشیں ریکارڈ کی گئیں اور شرح پیدائش 1.20 تھی جو کہ مستحکم آبادی کے لئے درکار 2.1 سے بہت کم ہے۔