بغداد: (ویب ڈیسک) واشنگٹن اور بغداد امریکی زیر قیادت اتحادی افواج کے عراق سے انخلا کے منصوبے کی مفاہمت پر پہنچ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے متعدد باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس منصوبے میں ستمبر 2025 تک سیکڑوں اتحادی افواج کی روانگی اور باقی کی اگلے سال کے آخر تک روانگی کو شامل کیا گیا ہے۔
اس منصوبے پر وسیع معاہدہ ہو چکا ہے، دونوں ممالک کی طرف سے حتمی منظوری اور اس کے اعلان کی تاریخ کا انتظار ہے، ایک سینئر امریکی اہلکار نے بتایا کہ ہم ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں اور اب صرف یہ بات باقی ہے کہ اس کا اعلان کب کیا جائے گا۔
دونوں ممالک ایک نیا مشاورتی رشتہ قائم کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جس سے انخلا کے بعد کچھ امریکی افواج عراق میں رہ سکیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سرکاری اعلان چند ہفتے قبل جاری ہونا تھا لیکن غزہ کی پٹی میں جنگ سے متعلق علاقائی کشیدگی اور کچھ باقی تفصیلات کو حل کرنے کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا۔
ان ذرائع میں پانچ امریکی اہلکار، اتحاد میں شامل دو دیگر ممالک کے اہلکار اور تین عراقی اہلکار شامل ہیں، ان سبھی نے درخواست کی کہ ان کی شناخت ظاہر نہ کی جائے کیونکہ وہ اس معاملے پر عوامی سطح پر بات کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔
متعدد ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ معاہدے کا اعلان اس ماہ کے دوران ہوسکتا ہے، اپنی طرف سے عراقی وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ تعلقات فرہاد علاء الدین نے کہا ہے کہ انخلا کے بارے میں واشنگٹن کے ساتھ تکنیکی بات چیت ختم ہو گئی ہے۔