واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے انسانی حقوق کی مزید خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہوئے ایران کے متعدد اہم عہدیداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔
خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے بدھ کو ایران پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا اور اس مرتبہ 12 وہ عہدیدار نشانہ ہیں جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ایران میں جاری ظلم میں ملوث ہیں، بتایا کہ ان افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جو ایرانی شہریوں پر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں پرامن مظاہرں پر بدترین کریک ڈاؤن بھی شامل ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں میں پاسداران انقلاب کے اراکین، ایرانی محکمہ جیل کے عہدیداروں اور بیرون ملک لوگوں پر وحشیانہ کارروائی کرنے والوں کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایرانی عہدیداروں پر پابندیوں کا اعلان تقریباً دو برس بعد کیا ہے، اس سے قبل کرد نژاد ایرانی خاتون مہیسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد امریکا نے مختلف ایرانی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔