ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک شاہی حکم جاری کیا ہے جس میں ’’شاہ سلمان نان پرافٹ فاؤنڈیشن‘‘ کے قانون کی منظوری دی ہے۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ لوگوں پر سرمایہ کاری کرنا اور ان کی ثقافت کو فروغ دینا اور ان کی شناخت پر فخر کرنا ایک مستقل نقطہ نظر ہے جسے ہم ہمیشہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انسانی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور معاشروں کی خوشحالی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، ہم غیر منافع بخش کنگ سلمان فاؤنڈیشن شروع کر رہے ہیں، یہ فاؤنڈیشن فرد اور معاشرے کے لئے دیرپا اثر ڈالے گی۔
سعودی عرب نے شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز کو وزیر کے عہدے کے ساتھ خادم حرمین شریفین کا مشیر اور غیر منافع بخش شاہ سلمان فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا چیئرمین بھی مقرر کر دیا۔
سعودی بادشاہ نے اس سے قبل ایک شاہی حکم جاری کیا تھا جس میں شہزادہ سلطان بن سلمان کو غیر منافع بخش کنگ سلمان فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، یہ فاؤنڈیشن دہائیوں سے جاری خادم حرمین شریفین کے فلاحی اور انسانی کاموں کی توسیع ہے۔