سلامتی کونسل کو بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے بنیادی ذمہ داریاں سنبھالنا چاہئیں: چین

Published On 26 September,2024 02:22 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے بنیادی ذمہ داریاں سنبھالنا چاہئیں۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں یوکرین سے متعلق سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کو امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لئے حقیقی معنوں میں پرعزم ہونا چاہئے۔

وانگ ای نے اس سلسلے میں تین تجاویز پیش کیں اول یہ کہ صورتحال کو بہتر کرنے میں بحران کے احساس کو بڑھانا ضروری ہے، دوئم یہ کہ امن مذاکرات کو فروغ دینے اور قائل کرنے کے لئے ذمہ داری کے احساس کو بڑھانا ضروری ہے اور سوئم بحران کے اثرات کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے فوری احساس کو بڑھانا ضروری ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چینی صدر نے سنجیدگی سے نشاندہی کی ہے کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہئے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر عمل کیا جانا چاہئے، تمام ممالک کے جائز خدشات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے معاملے پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح رہا ہے۔