منی پور میں انٹرنیٹ کی معطلی، بھارت میں سائبر سکیورٹی کی ناکامیوں کا پردہ چاک

Published On 26 September,2024 03:12 pm

منی پور: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست منی پور میں انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا کی معطلی نے ہندوستان میں سائبر سکیورٹی کی ناکامیوں کا پردہ چاک کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مظاہروں کی وجہ سے ستمبر 2024 میں منی پور میں انٹرنیٹ کی معطلی ہوئی،بلیک آؤٹ سائبر سکیورٹی کی وسیع تر ناکامیوں کی پردہ پوشی کے طور پر کام کرتے ہیں جس نے بھارت کے اندرونی اور بیرونی سائبر خطرات کے خدشے کو بے نقاب کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیٹ کی معطلی نے معاشی سرگرمیوں خاص طور پر آن لائن لین دین اور دیگر کاروباری کارروائیوں کو متاثر کیا ہے، بھارت نے اہم معلومات تک رسائی کو محدود کر کے بحران کو ہوا دی ہے۔

اس بلیک آؤٹ کے دوران قابل اعتماد معلومات کی عدم موجودگی سے افواہیں گردش میں ہیں جبکہ رابطوں کے فقدان کی وجہ سے عدم اعتماد بھی گہرا ہوگیا ہے جس کے باعث بدامنی مزید بڑھنے کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ منی پور ریاست میں رواں برس مئی میں اکثریتی ہندو برادری میتی اور عیسائی برادری کوکی کے درمیان مسلح تصادم  کے بعد منی پور ریاست نسلی انتشار کا شکار ہوچکی ہے، اسی تصادم کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے ریاست منی پور میں انٹرنیٹ سروسز کو معطل کیا گیا تھا۔