غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے درجنوں نامعلوم لاشیں غزہ بھیج دیں لیکن فلسطینیوں نے لاشوں کو دفنانے سے انکار کر دیا۔
اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر اپنے حملے میں مارے گئے 88 فلسطینیوں کی لاشیں واپس کر دیں لیکن غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے ان کو دفن کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ پہلے اسرائیل ان کی شناخت اور ان کے قتل کی جگہوں کے بارے میں تفصیلات ظاہر کرے۔
لاشوں کو ایک کنٹینر میں ٹرک کے ذریعے اسرائیل کے زیر کنٹرول کراسنگ کے ذریعے غزہ پہنچایا گیا تھا تاہم فلسطینی حکام نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت، ان کی عمروں یا ان کے مارے جانے کے مقامات کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
خان یونس میں ناصر ہسپتال کے اہلکاروں نے انہیں وصول کرنے اور دفنانے سے انکار کر دیا اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سے اسرائیل سے تفصیلات طلب کرنے کو کہا۔
وزارت نے کہا کہ فلسطینی وزارت صحت نے ان لاشوں کے بارے میں تمام ڈیٹا اور معلومات مکمل ہونے تک کنٹینر وصول کرنے کا طریقہ کار معطل کر دیا ہے تاکہ ان کے اہل خانہ ان کی شناخت کر سکیں۔
غزہ میں گورنمنٹ انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل الثوابتہ نے بتایا کہ وزارت صحت کے حکام نے ٹرک ڈرائیور سے کہا ہے کہ وہ ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی لاشیں اسی اسرائیلی کراسنگ پر واپس لے جائیں جہاں سے وہ آیا تھا، اس کے بعد ٹرک ہسپتال سے نکل گیا۔