ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا ہے۔
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیر صدارت کابینہ کا ریاض میں اجلاس ہوا، اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی امور میں ہونے والی تمام پیش رفتوں پر توجہ دی، علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو بڑھانے کے لیے مملکت کی کوششوں کا اعادہ کیا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں سعودی عرب کی وزراء کونسل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی قبضے کے خاتمے سے متعلق قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل تک پہنچنے کے لئے قابل اعتماد عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا، اس حوالے سے مملکت نے ایک بار پھر مسئلہ فلسطین کے جامع حل کے لئے عرب امن اقدام اور بین الاقوامی قانونی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
شاہ سلمان نے سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر برادر اور دوست ممالک کے رہنماؤں کے مخلصانہ جذبات اور نیک تمناؤں کے اظہار پر انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سعودی کابینہ نے عالمی کورل ریف انیشی ایٹو کی صدارت حاصل کرنے پر مملکت کی کامیابی کو بین الاقوامی سطح پر مملکت کی سمندری ماحول، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لئے کی جانےوالی کاوشوں اور خدمات کا اعتراف ہے۔