غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی غزہ میں بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت مزید 26 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کے طبی شعبے سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ کے ساتھ ساتھ منگل کے روز اسرائیلی فوج اور حماس کے عسکری ونگ کے درمیان رفح میں بھی سخت جھڑپیں جاری رہیں، رفح شہر مصری سرحد سے جڑا ہوا ہے۔
اس بمباری کے دوران 22 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے حملے لبنان کے ساتھ جاری رہے جس سے خطے میں جنگ کے زیادہ پھیلنے کا خوف بڑھ گیا ہے۔
گزشتہ روز اسرائیلی ٹینکوں نے رفح کے مغربی اور شمالی علاقے کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی جہاں القسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد گروپ کے جنگجوؤں کا ٹینکوں کو سامنا کرنا پڑا۔
اسرائیلی فوج نے ٹینکوں سے حملہ کرکے متعدد مکانوں کو تباہ کر دیا، ٹینکوں کی گولہ باری سے ہونے والی یہ تباہی مشرقی اور وسطی رفح میں بتائی گئی ہے۔
القسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد کے جنگجوؤں کی طرف سے اسرائیلی ٹینکوں پر ٹینک شکن راکٹ فائر کئے گئے اور ان بموں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جو ٹینکوں کے راستے میں پہلے سے نصب کئے گئے تھے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں چھ مختلف مقامات پر کی گئی بمباری کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 26 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں ان میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔