بیروت: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی بدترین بمباری کے بعد سینکڑوں لبنانی نقل مکانی کرکے شام چلے گئے۔
دوسرے روز بھی مسلسل بدترین اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں لبنانی شہریوں کی نقل مکانی جاری رہی، تاہم گزشتہ روز شہریوں نے نقل مکانی کا رخ شام کی طرف بھی کر لیا ہے اور تقریباً 500 لبنانی شہری اپنے بال بچوں کے ساتھ بمباری سے بچنے کے لئے شام کی طرف منتقل ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سکیورٹی سے متعلق ذرائع اس نقل مکانی کی تصدیق کر رہے ہیں تاہم اس بارے میں وہ اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے، ان ذرائع کے مطابق اسرائیلی بمباری سے بچنے کی کوشش میں لبنانی شہری مختلف قسم کے وہیکلز پر لبنان اور شام کی سرحد کراس کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لبنان کا مسلح گروپ حزب اللہ شام کے صدر بشار الاسد کا اتحادی ہے اور شام میں لڑی جانے والی طویل خانہ جنگی کے دوران حزب اللہ نے بشار الاسد کا خوب ساتھ دیا تھا، شام اور لبنان میں حزب اللہ کو خوب اثر و رسوخ حاصل ہے۔