اسرائیل کی لبنان پر حملے کئی دنوں تک جاری رکھنے کی دھمکی

Published On 24 September,2024 02:28 am

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے لبنان پر حملے کئی دنوں تک جاری رکھنے کی دھمکی دیدی۔

اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ فوج حزب اللہ کے خلاف اپنے حملوں کو تیز کر رہی ہے، انہوں نے اسرائیلیوں سے اگلے چند دنوں کے دوران پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے، ان کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سرحد پار سے فائرنگ میں شدت کی توقع رکھتے ہیں۔

گیلنٹ نے ایک ویڈیو کلپ میں یہ بھی کہا کہ ہم لبنان میں اپنے حملوں کو تیز کر رہے ہیں اور یہ اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ ہم شمال کے باشندوں کو ان کے گھروں کو بحفاظت واپس لوٹنے کا اپنا ہدف حاصل نہیں کر لیتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہیں جب اسرائیلیوں کو پرسکون رہنا پڑے گا، اس کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر حملوں کی نئی دوسری لہر کا اعلان کیا۔

دریں اثنا اسرائیلی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ موجودہ حملوں کا مقصد حزب اللہ کو سینکڑوں راکٹ داغنے سے روکنا ہے۔