اسرائیل کی دو محاذوں پر جنگ،آنیوالے دن زیادہ خطرناک ہونگے : یاہو اور گیلنٹ

Published On 25 September,2024 11:14 am

یروشلم : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے اپنے گردو پیش میں بمباری کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید مشکلات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ انتباہ اسرائیلی وزیراعظم  نیتن یاہو اور وزیردفاع یواو گیلنٹ دونوں کی طرف سے سامنے آیا ہے، جب ایرانی حمایت یافتہ لبنانی حزب اللہ نے بھی اسرائیل کی جانب سینکڑوں راکٹ پچھلے چند دنوں میں فائر کیے ہیں۔

اسرائیلی فوجی ترجمان شوشانی کے مطابق پچھلے ہفتے کے دوران حزب اللہ نے 700 سے زائد میزائل اسرائیلی حدود میں فائر کیے جس کے نتیجے میں بہت زیادہ گھروں اور آبادیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مقامی اسرائیلیوں کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے داغے گئے میزائلوں سے کوئی ہلاکتیں نہیں ہوئی ہیں مگر ہنگامی ضرورتوں کے تحت ہسپتالوں اور دیگر شعبوں نے بھر پور منصوبہ بندی کر رکھی ہے، البتہ یہ منصوبہ بندی ہونے کے باوجود ہر اسرائیلی شہری شدید ذہنی دباؤ میں ہے۔

اسرائیل کے شمالی علاقے میں پریشانی کی یہ فضا اور زیادہ ہے ، پورے شمالی اسرائیل میں ہر شہری حزب اللہ کے داغے گئے میزائلوں سے نکلنے والے دھویں کی لکیروں کو ہی دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتا ہے۔

پیر کے روز بجنے والے سائرن اس خوفزدگی میں مزید اضافہ کر رہے تھے، سائرن بجنے کا یہ سلسلہ منگل کے روز بھی خوفناکی میں اضافہ کرتا رہا، البتہ اسرائیل کی سب سے اہم صنعتی بندر گاہ حیفا نے ان راکٹوں کے درمیان بھی اپنا کام جاری رکھا تاکہ جنگی حالات میں بھی معیشت چلتی رہے۔

مگراسرائیلی شہری دفاع کے حکام کی ہدایت پر اسرائیل کے سکول پہلے ہی بند کیے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں اب تک مجموعی طور پراسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 41ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔