بیروت: (ویب ڈیسک) اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے لبنان سے تقریباً ایک لاکھ افراد شام چلے گئے اور یہ تعداد دو دنوں میں دوگنی ہو گئی ہے۔
فلیپو گرانڈی نے ایکس پر کہا اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے لبنانی افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا ان کی اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر) نئے آنے والوں کی مدد کے لئے مقامی حکام اور (شامی ہلال احمر) کے ساتھ چار سرحدی مقامات پر موجود ہے۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق جمعہ تک 30,000 افراد شام میں داخل ہو چکے تھے، شام میں ایجنسی کے نمائندے گونزالو ورگاس لوسا نے کہا کہ ان میں تقریباً 80 فیصد شامی شہری اور 20 فیصد لبنانی تھے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ شام پہنچنے والوں میں زیادہ تر عورتیں اور بچے ہیں، اگرچہ کچھ تعداد میں مرد بھی ہیں، تقریباً نصف بچے اور نوعمر ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ لبنان سے نقل مکانی کرنے والے لوگ ایک ایسے ملک میں پہنچ رہے ہیں جو 13 سال سے زیادہ عرصے سے اپنے ہی بحران اور تشدد کے ساتھ ساتھ معاشی تباہی کا شکار ہے، بمباری سے نقل مکانی کرنے والے لوگ تھکن سے چور، صدمے سے دوچار اور مدد کی اشد ضرورت کے ساتھ شام پہنچے ہیں۔