نامعلوم لاشیں: لبنان کے لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے ڈی این اے نمونے دینے کی اپیل

Published On 01 October,2024 06:45 am

بیروت: (ویب ڈیسک) نامعلوم لاشوں کی شناخت کیلئے لبنان کے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے ڈی این اے نمونے جمع کئے جانے لگے۔

داخلی سکیورٹی فورسز کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے لبنان پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والوں کے اہل خانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈی این اے ٹیسٹ کے مراکز میں آئیں جہاں ان کے پیاروں کی لاشیں اور جسمانی اعضا موجود ہیں تاکہ ان کے ڈی این اے نمونے لے کر میتوں کی شناخت کی جا سکے۔

جنرل ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والے افراد کے اہلخانہ کی مدد کے لئے اور نامعلوم شناخت کے لاپتہ افراد یا ان کے جسم کے اعضاء کی شناخت کے عمل کو آسان بنانے کے لئے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ جوڈیشل پولیس سے منسلک مراکز میں جائیں تاکہ ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کے لئے ان کے ضروری نمونے حاصل کئے جا سکیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی کے آغاز کے بعد سے لبنان کے کئی علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملے کر رہا ہے، سب سے نمایاں حملہ جمعہ 27 ستمبر کو کیا گیا، اس حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو شہید کردیا گیا تھا، حملے میں حسن نصر اللہ کے ساتھ دیگر کئی سینئر رہنماؤں کو بھی شہید کردیا گیا۔