امریکہ کا اسرائیل پر لبنان میں امن فوج کی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور

Published On 15 October,2024 03:50 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے اسرائیل پر لبنان میں امن فوج کی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

امریکی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب یوآو گیلنٹ سے ٹیلی فون پر رابطے میں باور کرایا ہے کہ اسرائیل کا لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج اور لبنانی فوج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات کرنا اہمیت کا حامل ہے۔

آسٹن نے ٹیلی فونک رابطے میں اس بات پر بھی زور دیا کہ لبنان میں فوجی کارروائیوں کا راستہ تبدیل کر کے سفارتی راستہ اختیار کئے جانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد امن فراہم کیا جا سکے۔

امریکی وزارت دفاع کے ترجمان پیٹرک رائیڈر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال کو ٹھیک کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جانے چاہئیں۔