مسقط: (ویب ڈیسک) ایران نے امریکہ کے ساتھ فوری بات چیت کرنے سے انکار کر دیا۔
ایران نے مشرق وسطیٰ میں بدترین کشیدگی کی موجودہ صورتحال میں کہا ہے کہ فی الحال ایسا کوئی ماحول نظر نہیں آتا کہ امریکہ کے ساتھ اومان کی مدد سے کوئی رابطہ یا بات چیت کی جا سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے میڈیا کے ساتھ اومان کے دارالحکومت مسقط میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پراسس جس کا آغاز ہوا تھا مخصوص حالات کی وجہ سے رک چکا ہے کیونکہ خطے میں جو صورتحال پیدا ہو چکی ہے اس میں اب ایسا ممکن نہیں ہے۔
ایران کی طرف سے یہ مؤقف سامنے لائے جانے کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماہ جون میں اومان کے ذریعے امریکہ کے ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات ہو چکے ہیں، اگرچہ ایران اور امریکہ کے باہمی سفارتی تعلقات نہیں ہیں بلکہ معاملات مخاصمت پر مبنی ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر 2024ء کو ایران حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ اور حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لئے اسرائیل پر 200 بیلیسٹک میزائل فائر کئے تھے۔