لبنان اور غزہ جنگ کو بڑا علاقائی تنازع بننے سے روکا جائے: اقوام متحدہ

Published On 16 October,2024 03:35 am

جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے لبنان اور غزہ دونوں میں جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ کو بڑ ا علاقائی تنازع بننے سے روکا جائے جس کے اثرات سے پوری دنیا متاثر ہو سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے پناہ گزین ایجنسی کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے جنیوا میں پناہ گزینوں کی ایجنسی یو این ایچ سی آر کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے متاثرہ علاقوں کے لوگ امن کے خواہاں ہیں۔

فلیپو گرانڈی نے کہا کہ ایک بامعنی امن عمل، برقرار رہنے والی جنگ بندی،تشدد، نفرت اور مصائب کے چکر کو توڑنے کا واحد راستہ ہے،صرف جنگ بندی ہی عالمی مضمرات کے ساتھ ایک بڑی علاقائی جنگ کی لہر کو روک سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت لبنان کے مقابلے میں اور کہیں بھی اس قدر غیر یقینی اور بے چینی واضح نہیں ہے، لبنان میں عام شہریوں کی زندگیوں پر بے یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، یقیناً اگر فضائی حملے جاری رہتے ہیں تو بہت سے اور لوگ بے گھر ہو جائیں گے اور کچھ دوسرے ممالک میں جانے کا فیصلہ بھی کریں گے۔

گرانڈی نے لبنان کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی فوری ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چاہے یہ مشکل ہو لیکن ایک ایسی جنگ بندی جو ایک بامعنی امن عمل کے ذریعے برقرارر ہے وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے زور دیا کہ تشدد، نفرت اور بدحالی کے چکر کو توڑنے کا یہی واحد طریقہ ہے۔