فلپائن : سمندری طوفان ٹرامی نے تباہی مچادی ، 40 افراد ہلاک

Published On 25 October,2024 11:11 am

منیلا : (ویب ڈیسک ) فلپائن میں سمندری طوفان ٹرامی نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمال مشرقی فلپائن میں سمندری طوفان ٹرامی کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

طوفان کے باعث رہائشی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا اور گھروں میں پانی جمع ہونے سے شہری گھر کی چھتوں پر محصور ہو کر رہ گئے، سیلاب کی وجہ سے سڑکیں بہہ گئیں اور انفرا سٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ متعدد گاؤں بھی شدید متاثر ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب اور بارش کی وجہ سے 10 ہزار لوگ گھروں سے بےگھر ہوگئے اور 2 ماہ کی بارش دو دن میں ریکارڈ کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ہنگامی صورتحال کی وجہ سے ریسکیو ٹیمیں شہریوں کی مدد کررہی ہیں اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔