واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں صدارتی الیکشن 5 نومبر کو ہوں گے تاہم کچھ علاقوں میں بزرگ اور بیمار شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی پولنگ سٹیشنز میں ’’قبل از وقت ووٹنگ‘‘ کا عمل جاری ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کی قبل از وقت ووٹنگ میں ایک خوشگوار تبدیلی بھی دیکھی گئی ہے کہ انگریزی زبان نہ سمجھنے والے ووٹرز کو اردو زبان میں بیلٹ پیپرز فراہم کیے گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انگریزی نہ سمجھنے والے ووٹرز کو رائے شماری کے لیے ایسے بیلٹ پیپرز کی فراہمی قانونی ضرورت ہے جسے ووٹر سمجھ سکے۔
اس قانون اور اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکا میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے بیلٹ پیپرز کو اردو میں بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ اردو سمجھنے والوں کے لیے آسانی ہو۔
پاکستان کی قومی زبان اردو جنوبی ایشیائی ممالک میں رابطے کی زبان ہے، امریکا میں مقیم پاکستانی، بنگلادیشی، بھارتی اور برمی باشندے وغیرہ اردو بولتے ہیں۔
امریکا میں ایسے ووٹرز کی تعداد ہزاروں میں ہے جو اردو زبان کو بولتے، سمجھتے اور پڑھ سکتے ہیں۔ اس لیے شکاگو بورڈ آف الیکشنز نے متعدد پولنگ سٹیشنز پر اردو میں بھی بیلٹ پیپرز فراہم کیے ہیں۔
دیگر ریاستوں کی جانب سے بھی اردو میں بیلٹ پیپرز کی فراہمی کو یقینی بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
جنوبی ایشیائی نے بالعموم اور پاکستانی کمیونٹی نے بالخصوص اس اقدام پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔