ماحولیاتی بہتری، سبز کاری کا فروغ: سعودیہ میں ’’سبز عریبیا‘‘ کانفرنس کی تیاریاں شروع

Published On 13 November,2024 03:52 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ماحولیاتی بہتری اور سبز کاری کے فروغ کے لیے 16ویں کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت صحراؤں میں سبزہ اگانے میں شریک ملکوں کی میزبانی سعودی عرب کرے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سعودی عرب کے مرکز برائے سبزیات اور صحرا کو سبزے میں بدلنے کے لئے قائم ادارے کے تحت بین الاقوامی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا، سعودی عرب میں ’سبز عریبیا‘ کا یہ دوسرا ایونٹ ہوگا جو 2 سے 13 دسمبر تک منعقد ہونے جا رہا ہے۔

یہ کانفرنس سبزکاری اور ماحولیات کے لئے جدت و تعاون اور ترقی کے ایک بڑے ہب کے طور پر سامنے آئے گی، کانفرنس میں حکومتی و پرائیویٹ ادارے اور تنظیموں سمیت دنیا بھر سے ماہرین شرکت کر رہے ہیں، نیز بین الاقوامی کمپنیاں بھی سبز کاری کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں۔

سعودی وزیر برائے ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمٰن الفادی نے کہا ہماری زمین کے لئے یہ اہم ترین موقع ہے، ہمیں قدرتی ذرائع کے متوازن استعمال کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہئے۔