ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں جاری جنگ کو عالمی برادری کی ناکامی قرار دے دیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر عرب اور عالم اسلام ناراض ہیں۔،عالمی برادری غزہ میں جنگ روکنے میں ناکام رہی ہے، اسرائیل فلسطین میں زمینی حقیقت کو بدلنا چاہتا اور دو ریاستی حل کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے میں تیزی لانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر عالمی برادری کو اپنی خاموشی کا جواز پیش کرنے کا حق نہیں ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ عرب اسلامی مؤقف خطے میں کشیدگی کو پرسکون کرنے میں مدد کر رہا ہے، سعودی وزیر خارجہ نے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے غزہ کی طرف امداد کی آمد پر پابندیاں ہٹانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا سربراہی اجلاس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا ہے، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا حل ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کو مستحکم کرنے والے مستقل حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک متفقہ عرب اور اسلامی مؤقف کے اجرا سے کسی حل تک پہنچنے کے حوالے سے اثر پڑے گا، اس وقت ترجیح جنگ کو روکنا اور فلسطینیوں کے مصائب کو ختم کرنا ہے۔