حزب اللہ کے حملوں کا خوف، نیتن یاہو نے دفتر تہہ خانے میں منتقل کردیا

Published On 11 November,2024 08:39 am

تل ابیب : (ویب ڈیسک ) گزشتہ ماہ حزب اللّٰہ کے اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر حملے کے بعد نیتن یاہو نے اپنا دفتر بالائی منزل سے تہہ خانے میں منتقل کرلیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے بیٹے کی شادی غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی، اسرائیلی وزیراعظم کا عدالت میں کیسز میں بھی پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی وزیراعظم نے لبنان میں پیجر ڈیوائس حملوں اور حزب اللّٰہ کے سربراہ سید حسن نصراللّٰہ پر حملے اور انہیں شہید کرنے کا اعتراف کرلیا۔

 خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی کمیونیکیشن ڈیوائس اور حسن نصراللّٰہ پر حملوں کے پیچھے اسرائیل تھا، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خفیہ ایجنسی موساد کو نئی ہدایات جاری کردیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق پہلی بار کسی اعلیٰ ترین اسرائیلی عہدیدار نے لبنان میں پیجر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

خیال رہے کہ 17 ستمبر کو لبنان کے مختلف علاقوں میں پیجر ڈیوائسز میں دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔